بھارت نے دورہ نیوزی لینڈ کا آغاز میزبان ٹیم کو ٹی ٹوئنٹی سیریز میں 0-5 سے شکست دے کر کیا تھا۔ بھارت کا یہ غیرملکی دورہ اپنے اختتام کی جانب بڑھ رہا ہے لیکن مہمان ٹیم کے لیے کچھ اچھے نتائج سامنے نہیں آ رہے۔ ٹی ٹوئنٹی سیریز میں کامیابی کے بعد بھارت کو تین ون ڈے میچوں کی سیریز میں کلین سویپ شکست ہوئی۔
دونوں ٹیموں کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا آغاز بھی ہو چکا ہے جس کے پہلے میچ میں نیوزی لینڈ نے 10 وکٹوں سے کامیابی حاصل کی۔ ویرات کوہلی نے شکست کے بعد تسلیم کیا کہ ہم نے میچ میں اچھا پرفارم نہیں کیا اور اس کا اقرار کرنے میں کوئی شرم کی بات نہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس شکست کے بعد شاید کچھ لوگوں کی دنیا ختم ہو گئی ہے لیکن ایسا نہیں ہے، ہمارے لیے یہ صرف ایک میچ تھا جس میں ہمیں ناکامی ہوئی، اب ہم آگے کی جانب بڑھ رہے ہیں اور ہمارے سر اونچے ہیں۔