کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مڈل آرڈر بیٹسمین اعظم خان نے پی ایس ایل فائیو میں ابھی تک زبردست بلے بازی کا مظاہرہ کیا ہے۔ انہوں نے تین میچوں میں 36.66 کی اوسط سے 110 رنز بنائے ہیں۔ ایک انٹرویو میں اعظم خان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ پی ایس ایل کے جاری ایڈیشن میں پرفارم کر کے ٹاپ بیٹسمینوں میں شامل ہونا چاہتا ہوں۔ ان کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل کے بعد ڈومیسٹک کرکٹ میں بھی پرفارم کرنے کی کوشش کروں گا تا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم میں جگہ بنا سکوں۔ ایک سوال پر معین خان کے صاحبزادے نے کہا کہ میری خواہش ہے ڈیل اسٹین کے خلاف اچھی بیٹنگ کا مظاہرہ کروں۔ اعظم خان کا ماننا ہے کہ جب کسی ورلڈ کلاس بولر کیخلاف اچھی بیٹنگ کی جائے تو اعتماد بڑھتا ہے۔ اعظم خان نے مزید کہا کہ میں بریانی اور نہاری بہت شوق سے کھاتا تھا لیکن فٹ رہنے کیلئے اپنے پسندیدہ کھانے بھی چھوڑ دیے ہیں۔