پاکستان نے آسٹریلیا میں جاری آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2020 میں شاندار آغاز کیا ہے۔ پہلے میچ میں قومی ویمن ٹیم کا سامنا ویسٹ انڈین ٹیم سے ہوا جس میں انہیں آٹھ وکٹوں سے کامیابی ملی۔ پاکستان ویمن ٹیم اپنا اگلا میچ کل انگلینڈ کے خلاف کھیلے گی جو پوائنٹس ٹیبل میں پہلے نمبر پر موجود ہے۔ انگلینڈ کو ساؤتھ افریقہ کے ہاتھوں اپ سیٹ شکست کا سامنا بھی کرنا پڑا ہے۔
ویسٹ انڈیز کے خلاف پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ جیتنے والی جویریہ خان پرعزم ہیں کہ قومی ٹیم انگلینڈ کے خلاف اپنے منصوبے پر عمل کر کے کامیابی حاصل کرے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ویسٹ انڈیز کے خلاف باؤلرز، فیلڈرز اور بیٹرز نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا جس وجہ سے میچ میں کامیابی ملی۔
انہوں نے کہا کہ ٹی ٹوئنٹی ایسا فارمیٹ ہے جہاں آپ کو اپنے پلان پر عمل کرنے سے کامیابی مل سکتی ہے۔ جویریہ خان نے مزید کہا کہ ہم حریف ٹیم کو نہیں دیکھ رہے بلکہ ہماری توجہ اپنی کارکردگی پر ہے۔