اسلام آباد یونائیٹڈ اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیموں کے درمیان پی ایس ایل فائیو کا 9واں میچ راولپنڈی میں کھیلا گیا۔ میزبان ٹیم اسلام آباد یونائیٹڈ کو دفاعی چیمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے ہاتھوں رواں ایڈیشن میں دوسری شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے ہاتھوں ہونے والی شکست کے باوجود اسلام آباد یونائیٹڈ کے لیے اس میچ سے مثبت پہلو سامنے آئے ہیں۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کے اوپننگ بیٹسمین کولن منرو ایونٹ کے آغاز سے بری فارم کا شکار تھے لیکن تین میچوں کے بعد وہ بھی 30 کا ہندسہ عبور کرنے میں کامیاب ہو گئے۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف دوسرے میچ سے قبل کولن انگرام کا بلا بھی خاموش تھا۔ انہوں نے ناقابل شکست رہتے ہوئے طوفانی 63 رنز بنائے۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کے ایمرجنگ کھلاڑی احمد صفی عبداللہ نے باؤلنگ کرتے ہوئے تین اوورز میں صرف 17 رنز دیئے اور دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جس میں جیسن روئے اور اعظم خان کی اہم وکٹیں شامل تھیں۔