بھارت کے ورلڈکپ وننگ کپتان کپل دیو نے کھلاڑیوں کو تجویز دی ہے کہ اگر وہ تھکاوٹ محسوس کر رہے ہوں تو آئی پی ایل سے بھی وقفہ لے سکتے ہیں۔ ایک تقریب میں بات چیت کرتے ہوئے کپل دیو نے کہا کہ آئی پی ایل کا مطلب ملک کی نمائندگی نہیں ہے، کھلاڑیوں کو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں اگر وہ سمجھتے ہیں کہ زیادہ میچز کی وجہ سے تھکاوٹ ہے تو آئی پی ایل میں حصہ نہ لیں۔
سابق بھارتی کپتان کا کہنا تھا کہ بھارت سے کھیلنا اور آئی پی ایل کھیلنے میں فرق ہے، آئی پی ایل آپ کی کارکردگی کو سامنے لاتی ہے اور مالی مسائل بھی حل کرتی ہے مگر ملک سے کھیلنے کی بات ہی کچھ اور ہے۔
بھارتی کپتان ویرات کوہلی نے نیوزی لینڈ پہنچنے پر بیان دیا تھا کہ ہم اس وقت کے قریب ہیں جب ہم جہاز سے اترتے ہی میچز کھیلنے لگیں گے۔ کپل دیو نے کہا کہ شیڈول بنانے میں ضرور کھلاڑیوں کو اعتماد میں لینا چاہیے۔