بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے صدر نظم الحسن نے گزشتہ دنوں کہا تھا کہ پاکستان یا کسی بھی ملک جا کر کھیلنا مشفیق الرحیم کے کنٹریکٹ کا حصہ ہے، کھلاڑیوں کو اپنے ذاتی مفاد کے بجائے ملک کا سوچنا ہو گا اور پاکستان جا کر کھیلنا چاہیے۔ اس کے باوجود مشفیق الرحیم اپنے فیصلے پر قائم ہیں۔ ایک انٹرویو میں مشفیق الرحیم نے کہا کہ میں دورہ پاکستان کے حوالے سے اپنے مؤقف پر قائم ہوں اسی لیے پی ایس ایل ڈرافٹ سے بھی اپنا نام واپس لے لیا تھا، میں اپنے فیصلے سے بنگلہ دیشی بورڈ کو پہلے آگاہ کر چکا تھا جس پر بورڈ نے ہامی بھی بھری تھی۔ مشفیق الرحیم نے پاکستان میں ایک ٹیسٹ اور تین ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلنے سے انکار کر دیا تھا اور مؤقف اختیار کیا تھا کہ ان کی فیملی پاکستان جانے کی اجازت دینے پر راضی نہیں ہے۔ بنگلہ دیشی ٹیم کو 3 اپریل کو کراچی میں ایک ون ڈے اور 5 اپریل سے ایک ٹیسٹ میچ کھیلنا ہے۔