پاکستان کی ویمن ٹیم نے آسٹریلیا میں جاری آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کا آغاز ویسٹ انڈیز کی مضبوط ٹیم کے خلاف فتح کے ساتھ کیا تھا۔ اگلے میچ میں پاکستان کو انگلینڈ کا چیلنج درپیش تھا جس میں قومی ٹیم بری طرح ناکام ہو گئی۔ پاکستان ویمن ٹیم کو انگلینڈ کے ہاتھوں 42 رنز سے شکست ہوئی۔
اس شکست کے علاوہ پاکستان ویمن ٹیم کو کپتان بسمہ معروف کی انجری کی صورت میں ایک بڑا نقصان بھی برداشت کرنا پڑا۔ بسمہ معروف دائیں انگوٹھے میں فریکچر ہونے کی وجہ سے میگا ایونٹ سے باہر ہو گئی ہیں۔ ان کی سرجری آسٹریلیا کے آرتھوپیڈک سرجن ہی کریں گے۔
بسمہ معروف کے باہر ہونے کے بعد آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں قومی ٹیم کی قیادت جویریہ خان کریں گی۔ بسمہ معروف کی جگہ پی سی بی نے ناہیدہ خان کو متبادل کھلاڑی کے طور پر شامل کیا ہے لیکن اس کی حتمی منظوری ایونٹ کی ٹیکنیکل کمیٹی دے گی۔