کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور ملتان سلطانز کے درمیان کھیلے گئے میچ میں شاہد آفریدی کو ملتان کی پلئینگ الیون میں شامل نہیں کیا گیا تھا۔ پریس کانفرنس میں عمران طاہر سے جب شاہد آفریدی کے حوالے سے سوال ہوا تو ان کا کہنا تھا شاہد آفریدی کو ٹیم سے ڈراپ نہیں کیا گیا ہے، وہ انجرڈ ہیں اس لیے انہیں آرام دیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر شاہد آفریدی کو ٹیم سے ڈراپ کیا گیا تو میں اپنے گھر چلا جاؤں گا۔ انہوں نے کہا کہ آفریدی ایک لیجنڈری کھلاڑی ہیں اور ملتان سلطانز کے چیتے ہیں، مجھے نہیں لگتا آفریدی جیسے کھلاڑی کو کسی بھی ٹیم سے ڈراپ کیا جا سکتا ہے۔ شاہد آفریدی کی انجری کے حوالے سے اب تک کوئی تفصیلات سامنے نہیں آئی ہیں۔ پی ایس ایل فائیو میں شاہد آفریدی نے 4 میچوں میں 4 وکٹیں حاصل کی ہیں۔