سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اوپننگ بیٹسمین احمد شہزاد کی ایک مداح نے ان کی پرانی تصویر شیئر کی۔ اس تصویر میں احمد شہزاد کو پاکستان کے مایہ ناز سابق لیگ اسپنر (مرحوم) کے ساتھ دیکھا جا سکتا ہے۔ یہ تصویر احمد شہزاد تک بھی پہنچی اور انہوں نے اس تصویر کو ری ٹویٹ کرتے ہوئے اس تصویر کی تفصیلات بتائیں۔
احمد شہزاد نے لکھا کہ عبدالقادر کرکٹ کے لیجنڈ اور میرے لیے مثالی شخصیت تھے۔ انہوں نے بتایا کہ یہ تصویر اس وقت کی ہے جب میں نے انڈر-12 ٹیپ بال ٹورنامنٹ جیتا تھا جس کے منتظم عبدالقادر صاحب تھے۔
اوپننگ بیٹسمین نے کہا کہ میں اپنے مینٹور کو بہت یاد کرتا ہوں، ان کی وفات کے بعد جو جگہ خالی ہوئی ہے وہ کبھی بھری نہیں جا سکی۔ یاد رہے عبدالقادر گزشتہ سال 6 ستمبر کو دل کا دورہ پڑنے کی وجہ سے انتقال کر گئے تھے۔