انگلش ٹیم کے لیگ اسپنر عادل رشید کا کہنا ہے کہ پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی واپسی اور پی ایس ایل کا مکمل طور پر پاکستان میں ہونا خوش آئند ہے۔ عادل رشید کا کہنا تھا کہ پاکستان میں کرکٹ کھیلنے کی خواہش رکھتا ہوں، میرے دوست معین علی پی ایس ایل میں کھیل رہے ہیں، میں بھی پی ایس ایل کا حصہ بننا چاہتا تھا اور خواہش ہے اگلے سیزن میں پی ایس ایل کھیلوں۔
ایک سوال پر عادل رشید نے بتایا کہ پی ایس ایل میں ان کی فیورٹ ٹیم ملتان سلطانز ہے اور ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی موجودہ ٹیم میں میرے پسندیدہ بیٹسمین بابر اعظم ہیں جبکہ ماضی میں یونس خان، انضمام الحق اور سعید انور کا کھیلنے کا انداز مجھے بہت پسند تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان خوب صورت اور محفوظ ملک ہے، میرے والدین کا تعلق بھی پاکستان سے ہے، بطور پاکستانی نژاد انگلینڈ کی ٹیم تک پہنچنا بہت مشکل تھا لیکن ناممکن نہیں تھا۔