بنگلہ دیش کے اوپننگ بیٹسمین تمیم اقبال ڈیڑھ سال سے ون ڈے کرکٹ میں سنچری اسکور نہیں کر سکے تھے مگر زمبابوے کے خلاف دوسرے ایک روزہ میچ میں انھوں نے ایک ہی ساتھ 2 ریکارڈز قائم کر ڈالے۔ سیلہٹ میں کھیلے گئے میچ میں تمیم اقبال نے 158 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جو بنگلہ دیش کے لیے ون ڈے کرکٹ میں سب سے بڑی انفرادی اننگز ثابت ہوئی۔ تمیم اقبال نے اپنا ہی 154 رنز کا ریکارڈ توڑا جو انھوں نے 2009 میں قائم کیا تھا۔ اسی کے ساتھ بنگلہ دیشی اوپنر نے ون ڈے کرکٹ میں 7 ہزار رنز بھی مکمل کر لیے اور وہ یہ اعزاز پانے والے بنگلہ دیش کے پہلے بیٹسمین ہیں۔ تمیم اقبال نے 204 اننگز میں 12 سنچریوں اور 47 نصف سنچریوں کی بدولت 7 ہزار رنز مکمل کیے۔ تمیم اقبال کی اس اننگز کی بدولت بنگلہ دیش نے دوسرے ون ڈے میں زمبابوے کو باآسانی شکست دی۔