آل راؤنڈر شاداب خان پاکستان سپر لیگ کے رواں ایڈیشن میں بطور بلے باز بہترین پرفارمنس کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔ شاداب خان نے اب تک پانچ اننگز میں 40 کی اوسط سے 160 رنز بنائے ہیں جس میں دو نصف سنچریاں بھی شامل ہیں۔ رواں سال شاداب خان آٹھ ٹی ٹوئنٹی میچوں میں 54.20 کی اوسط سے 271 رنز بنا چکے ہیں۔
آل راؤنڈر کا اپنی بیٹنگ کے حوالے سے کہنا ہے کہ بنگلہ دیش پریمیر لیگ سے بیٹنگ بہتر کرنے میں بہت مدد ملی، بی پی ایل میں ابتدائی میچز نہیں کھیل سکا تھا لیکن ٹیم مینجمنٹ نے بہت ساتھ دیا تھا اور 3 سے 4 گھنٹے بیٹنگ کی پریکٹس کرتا تھا جس وجہ سے میری بیٹنگ میں بہتری آئی۔
انہوں نے کہا کہ جب ٹیم کو میری ضرورت تھی تو اوپر کے نمبر پر بیٹنگ کی اور اس سے فائدہ بھی ہوا۔ آل راؤنڈر شاداب خان نے پی ایس ایل فائیو کے چھ میچوں میں اب تک 21.3 اوورز کروائے ہیں جس میں انہوں نے 5 وکٹیں بھی حاصل کیں۔