پاکستان ویمن ٹیم کے ہیڈکوچ اقبال امام نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں ٹیم کی ناکامی کی ذمہ داری قبول کر لی۔ اقبال امام کا کہنا ہے کہ ہم سے غلطیاں ہوئیں مگر اس کے باوجود پہلے کھیلے گئے ایونٹس کے مقابلے میں ہماری ٹیم اچھا کھیلی۔ وطن واپسی کے بعد کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے اقبال امام نے کوچز سمیت پلیئرز کو بھی شکست کا ذمہ دار ٹھہرایا۔ ان کا کہنا تھا کہ جب شکست ہوتی ہے تو کھلاڑی اور کوچز سب ہی ذمہ دار ہوتے ہیں۔ ہیڈکوچ کے مطابق پہلے آئی سی سی ایونٹس کے مقابلے میں ٹیم نے اچھا کھیلا اور زیادہ بڑے مارجن سے شکستیں نہیں ہوئیں۔ انھوں نے کہا کہ ساؤتھ افریقا کے خلاف میچ جیتنے کی پوزیشن میں تھے مگر اہم مواقعوں پر ہم نے غلطیاں کیں۔ اقبال امام نے مزید کہا کہ میرے مستقبل کا فیصلہ پی سی بی کرے گا، ورلڈکپ تک ذمہ داری دی تھی، اب جو بھی فیصلہ ہو گا وہ قبول ہو گا۔