کراچی کنگز کے ٹاپ آرڈر بیٹسمین ایلکس ہیلز نے لاہور قلندرز کے خلاف میچ میں اپنی بہترین فارم جاری رکھی۔ لاہور قلندرز نے شرجیل خان کو اننگز کی ابتداء میں ہی آؤٹ کر کے بہترین شروعات کی لیکن سلمان ارشاد نے تیسرے اوور میں سمت پٹیل کی گیند پر ایلکس ہیلز کا کیچ ڈراپ کیا جب وہ 4 رنز پر بیٹنگ کر رہے تھے۔
ایک موقع ملنے کے بعد ایلکس ہیلز کا بلا نہ رکا اور انہوں نے 48 گیندوں پر 5 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے 80 رنز کی دھواں دھار اننگز کھیلی۔ ایلکس ہیلز نے پی ایس ایل فائیو کی گزشتہ 3 اننگز میں عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا ہے۔
انہوں نے اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف 52 اور پشاور زلمی کے خلاف 49 جبکہ لاہور قلندرز کے خلاف شاندار 80 رنز اسکور کیے۔ ایلکس ہیلز پی ایس ایل فائیو میں 59.75 کی اوسط سے 239 رنز بنا چکے ہیں اور ایونٹ میں کراچی کی جانب سے سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹسمین ہیں۔