دورہ نیوزی لینڈ پر ٹی ٹوئنٹی سیریز جیتنے والی بھارتی ٹیم ون ڈے اور ٹیسٹ سیریز میں بھیگی بلی بنی نظر آئی۔ نیوزی لینڈ نے ٹی ٹوئنٹی سیریز میں کلین سویپ شکست کا بدلہ بھارت کو ون ڈے اور ٹیسٹ سیریز میں کلین سویپ شکست دے کر لیا۔ مہمان ٹیم کو ون ڈے سیریز میں 0-3 اور ٹیسٹ سیریز میں 0-2 سے ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا۔ بھارتی بیٹسمین ٹیسٹ سیریز میں شارٹ پچ باؤلنگ کے خلاف مشکلات کا شکار نظر آئے جو ان کی شکست کی کئی وجوہات میں سے ایک وجہ تھی۔ بار بار شارٹ پچ باؤلنگ پر آؤٹ ہونے کی وجہ سے بھارتی ٹیم کے کھلاڑیوں کو سخت تنقید کا سامنا بھی کرنا پڑا۔ بھارتی کرکٹر اجنکیا رہانے نے تنقید پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ شارٹ باؤلنگ کے خلاف بُرا نہیں کھیلتے، لوگ اس بارے میں بہت باتیں کر رہے ہیں، ان کو میلبرن میں کھیلی گئی اننگز دیکھنی چاہیئے جہاں ہم نے آسٹریلیا کے خلاف بہت اچھا کھیلا۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر ایک میچ میں آپ شارٹ باؤلنگ کو اچھا نہیں کھیلتے تو اس کا ہرگز یہ مطلب نہیں ہے کہ ہم بُرے کھلاڑی ہیں۔