پاکستان سپر لیگ کے نیشنل اسٹیڈیم میں ہونے والے میچز بغیر تماشائیوں کے کروانے کے فیصلے کے بعد پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان سیریز بھی خطرات سے دوچار ہو گئی۔ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے پی سی بی چیف ایگزیکٹو وسیم خان نے کہا کہ سندھ حکومت کی جانب سے جو فیصلہ ہوا وہ بالکل ٹھیک ہے۔
انہوں نے کہا کہ انسانی جانیں کرکٹ سے زیادہ ضروری ہیں اس لیے یہ فیصلہ ضروری تھا، دنیا بھر میں بڑے ایونٹس سے متعلق فیصلہ حکومتیں ہی کرتی ہیں۔ وسیم خان نے کہا کہ لاہور کے میچز کے حوالے سے ابھی کوئی فیصلہ نہیں کیا، ہم روز صورت حال کا جائزہ لے رہے ہیں، اس کے مطابق فیصلے کریں گے اور جلد ہی عوام کو آگاہ کریں گے۔
چیف ایگزیکٹو کے مطابق بنگلہ دیش سیریز سے متعلق بھی ابھی کوئی فیصلہ نہیں ہوا، آئندہ ایک، دو روز میں فیصلہ کر لیں گے۔ بنگلہ دیش کو ایک ٹیسٹ اور ایک ون ڈے کے لیے اپریل میں پاکستان کا دورہ کرنا ہے۔