لاہور قلندرز کے کپتان سہیل اختر نے نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں پی ایس ایل فائیو کی اپنی دوسری نصف سنچری اسکور کی۔ کراچی کنگز کے خلاف سہیل اختر اور فخر زمان نے اننگز کا آغاز کیا اور فخر زمان 17 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے لیکن سہیل اختر نے بہترین بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 68 رنز کی اننگز کھیلی۔ سہیل اختر نے 49 گیندوں پر دو چھکوں اور آٹھ چوکوں کی مدد سے 68 رنز بنائے۔ سہیل اختر کی کراچی کنگز کے خلاف پی ایس ایل فائیو میں یہ مسلسل دوسری نصف سنچری تھی۔ قذافی اسٹیڈیم لاہور میں انہوں نے 68 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی تھی اور لاہور کی کامیابی میں مرکزی کردار ادا کیا تھا۔ سہیل اختر پی ایس ایل فائیو کے ابتدائی میچوں میں لوئر آرڈر میں کھیلتے ہوئے مسلسل ناکام ہو رہے تھے لیکن بطور اوپنر کھیلتے ہوئے انہوں نے عمدہ پرفارمنس کا مظاہرہ کیا ہے۔ وہ پی ایس ایل میں اب تک 9 میچوں میں 217 رنز بنا چکے ہیں اور ایونٹ میں لاہور کے دوسرے کامیاب بیٹسمین ہیں۔