پاکستان کرکٹ بورڈ نے گزشتہ روز اعلان کیا تھا کہ کراچی میں ہونے والے پی ایس ایل کے بقیہ میچز تماشائیوں کے بغیر کھیلے جائیں گے۔ کورونا وائرس کے پیش نظر پی ایس ایل میں شامل چار ٹیموں کے 10 غیرملکی کھلاڑیوں اور ایک کوچ نے بقیہ میچز کھیلنے سے معذرت کر لی ہے۔
پی سی بی نے بھی تمام کھلاڑیوں اور اسپورٹ اسٹاف کو خواہش کے مطابق پی ایس ایل 2020 سے دستبردار ہونے کی اجازت دے دی ہے۔ جن 10 کھلاڑیوں نے پی ایس ایل فائیو چھوڑنے کی تصدیق کی ہے ان میں کراچی کنگز کے ایلکس ہیلز، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے جیسن روئے اور ٹیمال ملز شامل ہیں۔
ملتان سلطانز کے رائلی روسو اور جیمز ونز بھی پی ایس ایل فائیو کا مزید حصہ نہیں ہوں گے جبکہ پشاور زلمی کے ٹام بینٹن، کارلوس بریتھویٹ، لیام ڈاسن، لوئس گریگوری، لیام لیونگسٹون اور جیمز فوسٹر (کوچ) بھی اپنے وطن واپس لوٹ جائیں گے۔
پی سی بی کے مطابق تاحال کسی کھلاڑی کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت نہیں آیا۔ پی سی بی کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان کا کہنا ہے کہ موجودہ حالات میں صورتحال مسلسل تبدیل ہو رہی ہے جس پر مسلسل نظر رکھنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ تمام کھلاڑیوں کو اپنی مرضی سے لیگ چھوڑنے کی اجازت دے دی ہے اور پی سی بی ان تمام کھلاڑیوں کی بحفاظت واپسی کو یقینی بنائے گا۔