Recently Finished
Live Cricket
Upcoming Matches
No live scores available
View All Matches

لاہور قلندرز کو پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی جان کہا جائے تو یہ بے جا نہ ہو گا کیونکہ اس فرنچائز کے میچز جتنے دلچسپ اور سنسنی خیز ہوتے ہیں شاید ہی کوئی دوسری ٹیم ایسے میچز کھیلتی ہو۔
رواں پی ایس ایل میں لاہور قلندرز کو ابتدائی تین میچوں میں شکست ہوئی تو ایسا لگا کہ پہلے چار ایڈیشنز کی طرح یہ ٹیم ایک بار پھر آخری نمبر پر آئے گی لیکن پھر وقت بدلا اور لاہوریوں کے جذبات بھی بدل گئے۔
لاہور قلندرز نے آخری چھ میں سے چار میچز جیت کر ایونٹ میں کم بیک کیا ہے اور ان کے پلے آف میں پہنچنے کے امکانات روشن ہیں۔ اس شاندار کارکردگی کے بعد لاہور قلندرز کے وہ مداح دوبارہ اپنی ٹیم کو سپورٹ کرنے لگے ہیں جو مایوس ہو چکے تھے۔
لاہور قلندرز نے پی ایس ایل میں ہمیشہ ٹی ٹوئنٹی کے بہترین کھلاڑیوں کا انتخاب کیا جن میں کرس گیل، برینڈن میک کولم، سنیل نارائن، اے بی ڈویلیئرز اور کرس لین شامل ہیں۔ پی ایس ایل میں پاور پلے کے دوران جس ٹیم کا رن ریٹ سب سے زیادہ ہے وہ لاہور قلندرز ہی ہے۔
پاور پلے میں لاہور قلندرز کا رن ریٹ 7.81 کا ہے جبکہ سب سے کم ریٹ کراچی کنگز کا ہے جو کہ 7.22 ہے۔ آخری پانچ اوورز میں بھی سب سے زیادہ 11.56 کا رن ریٹ لاہور قلندرز کا ہی ہے۔
پی ایس ایل 2020 میں جس فرنچائز کے کھلاڑی نے سب سے زیادہ 23 چھکے لگائے وہ لاہور قلندرز کے بین ڈنک ہیں جو لاہوریوں کی آنکھوں کا تارہ بنے ہوئے ہیں۔ پی ایس ایل کی تاریخ میں ابھی تک صرف دو سپر اوورز ہوئے اور دونوں میچز میں لاہور قلندرز کی ٹیم شامل تھی۔
یہ دونوں سپر اوورز پی ایس ایل 2018 میں ہوئے تھے۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف سپر اوور میں لاہور قلندرز کی ٹیم ناکام ہوئی تھی جبکہ کراچی کنگز کے خلاف انہیں کامیابی ملی تھی۔