Recently Finished
Live Cricket
Upcoming Matches
No live scores available
View All Matches

پاکستان سپر لیگ اپنے اختتام کی جانب رواں دواں ہے۔ پشاور زلمی نے اپنا آخری گروپ میچ ملتان سلطانز کے خلاف نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا۔ پشاور زلمی نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ اپنے اس فیصلے کو پشاور کے بولرز نے درست ثابت کیا اور ملتان سلطانز کو صرف 154 رنز تک محدود رکھا۔
ملتان سلطانز نے ابتدائی 11 اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر 90 رنز اسکور کر لیے تھے جس کے بعد 12ویں اوور میں راحت علی نے دو وکٹیں حاصل کر کے اپنی ٹیم کو میچ میں واپس لانے میں اہم کردار ادا کیا۔ راحت علی نے 24 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں۔
اس کے علاوہ حسن علی، وہاب ریاض اور محمد عامر خان نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ اس بہترین بولنگ پرفارمنس کی بدولت ملتان سلطانز کی ٹیم مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر صرف 154 رنز اسکور کر سکی۔ ہدف کے تعاقب میں پشاور زلمی کے دو کھلاڑی صرف 8 رنز کے مجموعی اسکور پر پویلین لوٹ گئے۔
اس کے بعد عمر امین اور امام الحق نے 48 رنز کی شراکت قائم کی۔ عمر امین کے آؤٹ ہونے کے بعد شعیب ملک اور امام الحق نے 70 رنز کی اہم شراکت بنائی مگر اپنی ٹیم کو کامیابی نہیں دلا سکے۔ امام الحق 54 رنز اسکور کر کے پشاور کے سب سے نمایاں بیٹسمین رہے۔
سہیل تنویر ملتان سلطانز کے سب سے کامیاب بولر رہے۔ انہوں نے 4 اوورز میں 26 رنز کے عوض 3 وکٹیں حاصل کیں۔ یاد رہے ملتان سلطانز کے خلاف میچ میں پشاور زلمی کی ٹیم میں کوئی غیرملکی کھلاڑی شامل نہیں تھا۔
پی ایس ایل فائیو میں پشاور زلمی کی پرفارمنس دیکھی جائے تو اس فرنچائز نے 10 میں سے 4 میچوں میں کامیابی حاصل کی، 5 میں انہیں شکست کا سامنا کرنا پڑا جبکہ ایک میچ غیرنتیجہ رہا۔ پشاور زلمی 9 پوائنٹس کیساتھ پی ایس ایل کے پوائنٹس ٹیبل پر تیسری پوزیشن پر موجود ہے۔