پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان نے میڈیا بریفنگ میں بتایا کہ پاکستان سپر لیگ میں شامل کھلاڑیوں کے کورونا وائرس کے ٹیسٹ لیے تاہم کسی بھی کھلاڑی میں وائرس نہیں پایا گیا اور صورت حال کنٹرول میں ہے۔ وسیم خان کا کہنا تھا کہ اس وقت دنیا بھر میں صورتحال بہت مشکل ہے، فٹبال کے بڑے مقابلوں سمیت دیگر کھیلوں کے مقابلے بھی ملتوی ہو رہے ہیں اور ہماری کوشش ہے کہ پی ایس ایل کو احسن انداز میں اختتام کی جانب پہنچایا جائے۔ اس موقع پر وسیم خان نے اعلان کیا کہ لاہور کے میچز بھی بغیر تماشائیوں کے ہوں گے۔ بنگلہ دیش کی سیریز کے حوالے سے پی سی بی چیف ایگزیکٹو کا کہنا تھا کہ بی سی بی سے بات ہوئی ہے، آئندہ ایک-دو روز میں سیریز کے حوالے سے حتمی فیصلہ کریں گے۔ وسیم خان کا کہنا تھا کہ ابھی نقصان کا تخمینہ نہیں لگایا گیا، آئندہ 24 گھنٹوں میں پتہ لگ جائے گا کہ شائقین کا داخلہ بند کرنے سے کتنا نقصان ہوا۔