Recently Finished
Live Cricket
Upcoming Matches
No live scores available
View All Matches

کرونا وائرس کے پیش نظر پی ایس ایل کی چار مختلف ٹیموں کے 10 کھلاڑیوں نے اپنے وطن جانے کا فیصلہ کیا تھا جس میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے کھلاڑی شامل نہیں تھے مگر اب دو مرتبہ کی پی ایس ایل چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ کے چار پلیئرز اور ایک ٹرینر نے پی ایس ایل سے دستبردار ہونے کا فیصلہ کر لیا ہے جن میں کولن منرو، لیوک رونکی، ڈیوڈ ملان، ڈیل اسٹین اور ٹرینر کورے روٹگئیرز شامل ہیں۔
کھلاڑیوں کا یہ فیصلہ اسلام آباد یونائیٹڈ کیلئے کسی دھچکے سے کم نہیں ہے۔ اوپننگ بیٹسمین لیوک رونکی اور کولن منرو پی ایس ایل فائیو میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی بیٹنگ کا اہم ستون رہے تھے۔ لیوک رونکی نے 8 میچوں میں 266 اور کولن منرو نے 248 رنز بنائے تھے جبکہ ڈیل اسٹین کی عدم موجودگی بھی اسلام آباد یونائیٹڈ کی بولنگ کو کمزور کر دے گی۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم آخری گروپ میچ آج کراچی کنگز کیخلاف کھیلے گی جس میں یہ چار کھلاڑی ایکشن میں نہیں ہوں گے۔ لیوک رونکی نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اسلام آباد یونائیٹڈ اور پاکستانی کرکٹ شائقین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ ایک ماہ میں پی ایس ایل میں کھیلتے ہوئے بہت انجوائے کیا۔
کولن منرو نے بھی اپنے پیغام میں کہا کہ ٹورنامنٹ کے دوران اپنے وطن واپس جانے کا فیصلہ میرے لیے آسان نہیں تھا۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کی انتظامیہ قوانین کے مطابق دستبردار ہونے والے کھلاڑیوں کے متبادل ناموں کی منظوری ایونٹ ٹیکنکل کمیٹی سے حاصل کر سکتی ہے۔