کراچی پریس کلب نے سر ویو رچرڈز اور پشاور زلمی کے کوچ ڈیرن سیمی کو تاحیات اعزازی ممبرشپ دینے کا اعلان کیا تھا۔ اس حوالے سے نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ کراچی پریس کلب کے عہدیداران نے ویو رچرڈز کو اعزازی ممبر شپ دی جبکہ انہیں سندھی ٹوپی اور اجرک بھی پیش کی گئی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ویو رچرڈز نے کہا کہ وہ کراچی پریس کلب کے تہہ دل سے مشکور ہیں جنھوں نے اس اعزاز سے نوازا ہے، پاکستان سے میرا خاص تعلق ہے، یہاں بہت پیار ملا۔ انہوں نے اعلان کیا کہ وہ جب تک صحت مند ہیں پاکستان آتے رہیں گے۔ اس موقع پر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے ہیڈکوچ معین خان اور مینجر اعظم خان کو بھی سندھی ٹوپی اور اجرک تحفے میں دی گئی۔ کراچی پریس کلب کی جانب سے ڈیرن سیمی کو بھی اعزازی ممبر شپ دی جائے گی۔