کورونا وائرس نے عام زندگی کے ساتھ ساتھ اسپورٹس کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے۔ کرکٹ اور فٹبال سمیت دیگر بڑے بڑے مقابلے ملتوی کیے جا رہے ہیں۔ نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کے مابین پہلا ون ڈے میچ کراؤڈ کے بغیر کھیلا گیا تاہم آسٹریلیا میں کورونا وائرس کی ہنگامی صورتحال کی بدولت بقیہ دو ون ڈے میچز ملتوری کر دیئے گئے ہیں۔
نیوزی لینڈ ٹیم کو جلد سے جلد ملک واپس پہنچنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں تاکہ کورونا وائرس سے بچاؤ ممکن ہو سکے اور دنیا بھر میں فلائٹ آپریشن معطل ہونے کی وجہ سے کیوی پلیئرز کو پریشانی نہ اٹھانی پڑے۔
اس سیریز کے دوران آسٹریلوی فاسٹ باؤلر کین رچرڈسن اور نیوزی لینڈ کے فاسٹ باؤلر لوکی فیرگوسن کے کورونا وائرس کے ٹیسٹ بھی لیے گئے جن کی رپورٹس منفی آئیں یعنی دونوں کھلاڑیوں میں یہ وائرس نہیں پایا گیا۔