بھارتی کرکٹ بورڈ نے سابق کرکٹر سنجے منجریکر کو کمینٹری پینل سے نکال دیا ہے۔ ایک میڈیا رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ سنجے منجریکر بھارتی کرکٹ بورڈ کے کمینٹری پینل کا مزید حصہ نہیں ہوں گے۔ بھارت اور ساؤتھ افریقہ کے درمیان بارش کے باعث منسوخ ہونے والے پہلے ون ڈے میچ میں سنجے منجریکر وینیو پر موجود نہیں تھے جبکہ سنیل گواسکر اور مرلی کارتھک وہیں موجود تھے۔ سنجے منجریکر 1996 میں کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے کئی میگا ایونٹس میں کمینٹری کے فرائض انجام دے چکے ہیں۔ سنجے منجریکر کو کمینٹری پینل سے نکالنے کی وجہ بتاتے بھارتی کرکٹ بورڈ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ بی سی سی آئی ان کے کام سے خوش نہیں ہے۔ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ انہیں آئی پی ایل کے کمینٹری پینل سے بھی ڈراپ کر دیا جائے گا۔