پاکستان ٹیم کے باؤلنگ کوچ وقار یونس نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کی سیریز کے بغیر آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ سمجھ سے باہر ہے۔ وقار یونس نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) سے مطالبہ کیا کہ ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں پاکستان اور بھارت کی سیریز کروانے کے لیے آئی سی سی کو فعال کردار ادا کرنا ہو گا۔ پاکستان اور بھارت کے درمیان آخری ٹیسٹ سیریز 2007 میں کھیلی گئی تھی جس میں بھارت نے اپنی سرزمین پر 0-1 سے کامیابی حاصل کی تھی۔ بھارت اور پاکستان کے درمیان 59 ٹیسٹ میچز کھیلے گئے ہیں جس میں سے 12 پاکستان نے جیتے جبکہ 9 میں بھارتی ٹیم کامیاب ہوئی اور 38 میچز ڈرا ہوئے۔ پاکستان اور بھارت کے درمیان 15 ٹیسٹ سیریز کھیلی جا چکی ہیں جس میں سے دونوں ٹیموں نے چار، چار میں کامیابی حاصل کی جبکہ سات سیریز ڈرا ہوئیں۔