کورونا وائرس کے باعث پی سی بی نے پاکستان سپر لیگ سیزن فائیو کے سیمی فائنلز اور فائنل ملتوی کر دیئے تھے۔ ابھی تک یہ فیصلہ نہیں کیا گیا ہے کہ ٹورنامنٹ کے بقیہ میچز کب اور کہاں کروائے جائیں گے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان نے نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ایک، دو روز میں پی سی بی کے اعلیٰ عہدیداران کی فرنچائز مالکان سے میٹنگ ہو گی۔
وسیم خان کا کہنا تھا امید ہے کہ آسٹریلیا میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے بعد پی ایس ایل کے سیمی فائنلز اور فائنل منعقد کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ نومبر میں ہمارے پاس وقت ہو گ، اس دوران انگلینڈ اور دوسری ٹیمیں انٹرنیشنل کرکٹ کھیلنے میں مصروف نہیں ہوں گی۔
اس کے علاوہ چیف ایگزیکٹیو نے کہا کہ ممکن ہے پی ایس ایل کے چھٹے ایڈیشن سے ایک، دو ہفتے قبل بھی بقیہ میچز کروا سکتے ہیں لیکن حتمی فیصلہ فرنچائز مالکان سے میٹنگ کے بعد ہی ہو گا۔