کورونا وائرس کے خوف نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے گیٹ پر تالے لگوا دیئے ہیں۔ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) ملتوی ہونے کے بعد پی سی بی نے ملک کے تمام سینٹرز بند کر دیئے اور بورڈ کے ملازمین کو چھٹیاں دے دی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پی سی بی نے قذافی اسٹیڈیم لاہور، نیشنل اسٹیڈیم کراچی، ملتان اسٹیڈیم اور پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم سمیت تمام سینٹرز کو عارضی طور پر بند کر دیا ہے۔
اس کے علاوہ پی سی بی میں کام کرنے والے تمام ملازمین کو 24 مارچ تک چھٹیاں بھی دے دی گئی ہیں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے اپنے ملازمین کو چھٹیوں کے دوران گھر پر رہنے کی ہدایت دی ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان کا کہنا تھا کہ ملازمین کے تحفظ کے لیے بورڈ احتیاطی تدابیر پر عمل کرتا رہے گا۔