انگلینڈ کرکٹ ٹیم کا ہوم سیزن ویسٹ انڈیز کے خلاف تین میچوں کی ٹیسٹ سیریز سے 4 جون سے شروع ہونا ہے۔ کورونا وائرس کی وجہ سے انگلینڈ کا ہوم سیزن خطرات سے دوچار ہے اور انگلینڈ کے فاسٹ باؤلر جیمز اینڈرسن اس حوالے سے پریشان ہیں۔ جیمز اینڈرسن نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ہوم سیزن شروع ہوتا دکھائی نہیں دے رہا لیکن ابھی کچھ حتمی نہیں کہا جا سکتا۔ ان کا کہنا تھا کہ میں کوشش کر رہا ہوں کہ اس صورتحال میں اپنی فیملی کو صحت مند رکھوں، میں پرسکون رہتے ہوئے احتیاطی تدابیر پر عمل کر رہا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ میری اہلیہ کی والد اور والدہ اسپین میں رہتے ہیں، اس وقت وہاں لاک ڈاؤن ہے، ان کی عمر کافی زیادہ ہے جس وجہ سے ہمارے گھر میں پریشانی بڑھ رہی ہے کیونکہ کسی کو نہیں پتا آگے کیا ہو گا۔