کورونا وائرس نے انڈین پریمیر لیگ کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے۔ آئی پی ایل کا 13واں سیزن 29 مارچ سے شروع ہونا تھا جو 15 اپریل تک ملتوی کر دیا گیا ہے۔ دوسری جانب کورونا وائرس کی وجہ سے آسٹریلوی حکومت نے آسٹریلیا سے باہر سفر کرنے پر پابندی عائد کر دی ہے۔
آسٹریلیا میں موجود کوئی بھی شخص ملک سے باہر سفر نہیں کر سکتا اور آسٹریلیا کی اس پالیسی کے تحت آئی پی ایل فرنچائزز کو بھاری نقصان اٹھانا پڑ سکتا کیونکہ ڈیوڈ وارنر، پیٹ کمنز، اسٹیو اسمتھ اور کئی آسٹریلوی کرکٹرز آئی پی ایل 13 کیلئے مختلف ٹیموں کا حصہ ہیں۔
موجودہ صورتحال کے مطابق ان کھلاڑیوں کا آئی پی ایل میں شرکت کرنا مشکل نظر آ رہا لیکن سن رائزرز حیدرآباد کے کپتان ڈیوڈ وارنر کے مینجر کا کہنا ہے کہ ڈیوڈ وارنر آئی پی ایل ضرور کھیلیں گے۔
مینجر جیمز ایرسکین نے کہا کہ آسٹریلوی کھلاڑیوں کو آئی پی ایل میں حصہ نہ لینے پر پابند نہیں کیا گیا ہے، ڈیوڈ وارنر سن رائزرز حیدرآباد کی جانب سے ایکشن میں نظر آئیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر کورونا وائرس کو لے کر صورتحال مزید بگڑ جاتی ہے تو ممکن ہے ڈیوڈ وارنر اپنا فیصلہ تبدیل کر لیں۔