پاکستان سپر لیگ کو کورونا وائرس کی وجہ سے ہنگامی بنیادوں پر ملتوی کرنا پڑا اور ساتھ ہی غیرملکی پلئیرز کو جلد سے جلد بحفاظت اپنے اپنے ملک بھیج دیا گیا اور یہ پلئیرز پاکستان کے گن گاتے نظر آتے ہیں۔ ساؤتھ افریقہ کے بیٹسمین رائلی روسو نے پاکستان سپر لیگ میں ملتان سلطانز کی نمائندگی کی۔ رائلی روسو نے اپنے ایک انٹرویو میں کہا کہ اس مرتبہ تمام میچز کا انعقاد پاکستان میں ہوا اس لیے کرکٹ کھیلنے کا بہت لطف آیا۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان کے تقریباً سب ہی کرکٹ گراونڈز تماشائیوں سے بھرے پڑے تھے مگر ملتان میں کھیلنے کا مزہ ہی الگ تھا، وہاں کے لوگ کرکٹ کیلئے بڑا زبردست جذبہ رکھتے ہیں۔ مڈل آرڈر بیٹسمین نے مزید کہا کہ مجھے امید ہے پاکستان میں کرکٹ واپس آئے گی اور جلد آنی بھی چاہیے۔ یاد رہے کہ رائلی روسو نے پی ایس ایل میں 7 میچز کھیل کر 189 رنز اسکور کیے جس میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف سنچری قابل ذکر ہے۔