پی ایس ایل کے پہلے چار ایڈیشنز میں بولرز پرفارمنس کا مظاہرہ کر کے توجہ کا مرکز بنے لیکن پی ایس ایل فائیو میں نوجوان بیٹسمین بھی ابھر کر سامنے آئے مگر قومی ٹیم کے سابق کپتان عامر سہیل کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل میں نوجوان بلے بازوں کو موقع نہیں دیا جاتا۔ عامر سہیل کہتے ہیں کہ پاکستان کے پریمیر ٹورنامنٹ میں غیرملکی بیٹسمینوں پر بہت زیادہ انحصار کیا جاتا ہے جس کی وجہ سے مقامی بیٹسمینوں کو مکمل موقع نہیں ملتا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان انٹرنیشنل معیار کے تقاضوں پر پورا اترنے والے بیٹسمینوں کی تلاش میں پہلے ہی مشکلات کا شکار ہے پھر بھی انہیں موقع نہیں دیا جاتا۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر نوجوان بیٹسمینوں کو پی ایس ایل میں کھیلایا جائے تو مشکل بولنگ کیخلاف پرفارم کر کے ان کا اعتماد بڑھے گا اور اگر ایسا ہی چلتا رہا تو پاکستان کرکٹ کا نقصان ہو گا۔ سابق کپتان کا مزید کہنا تھا کہ حیدر علی کو موقع ملا لیکن انہیں اپنی تکنیک پر کام کرنے کی ضرورت ہے اگر وہ اپنے کھیل میں مزید نکھار لاتے ہیں تو پاکستان کرکٹ کیلئے بہترین اثاثہ بن سکتے ہیں۔