پاکستانی کرکٹرز کی جانب سے سوشل میڈیا پر آئے روز ڈسپلن کی خلاف ورزیاں سامنے آتی ہیں جس وجہ سے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے نئی پالیسی بنانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ پی سی بی نے اپنی سوشل میڈیا پالیسی پر نظرثانی کرنے اور سینٹرل کنٹریکٹ والے کھلاڑیوں کے لیے نئی گائیڈ لائن جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس کیس میں حسن علی اور یاسر شاہ کی غیراخلاقی ویڈیو کو بنیاد بنایا گیا ہے۔ پی سی بی ترجمان کے مطابق اکثر کھلاڑیوں کی جانب سے خلاف ورزیاں دیکھنے میں آ رہی ہیں، جلد کرکٹرز کو یہ بھی بتایا جائے گا کہ وہ جب میڈیا کے سامنے آئیں تو ان کی حدود کیا ہونی چاہیے اور اگر وہ سوشل میڈیا استعمال کریں تو ان کی حدود کیا ہونی چاہیے۔ ذرائع کے مطابق پی سی بی محمد حفیظ کے شرجیل خان سے متعلق اور محمد رضوان کے عماد وسیم سے متعلق حالیہ بیانات سے بھی خوش نہیں ہے۔ بورڈ ترجمان کے مطابق جب دفاتر دوبارہ کھلیں گے تو اس کے بعد ہی اس حوالے سے کوئی حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔