انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلر جیمز اینڈرسن رواں سال دورہ ساؤتھ افریقہ پر انجری کا شکار ہو گئے تھے جس کے بعد سے ان کی ٹیم میں واپسی نہیں ہوئی ہے۔ کورونا وائرس کی وجہ سے انٹرنیشنل کرکٹ تعطل کا شکار ہے اور جیمز اینڈرسن نے اس وقت کا فائدہ اٹھاتے ہوئے بھرپور ٹریننگ شروع کر دی ہے تا کہ وہ ٹیم میں دوبارہ واپسی کر سکیں۔ انگلش فاسٹ باؤلر نے اپنے تازہ بیان میں کہا ہے کہ ہوم سیزن سے قبل فٹ ہونے کے لیے مجھے مزید وقت مل گیا ہے اور میں خود کو مکمل طور پر فٹ کرنے کے لیے سمندر کے کنارے ٹریننگ کر رہا ہوں۔ جیمز اینڈرسن کا ماننا ہے کہ وہ مزید ایک، دو سال انگلش ٹیم کی نمائندگی کر سکتے ہیں، میں پوری کوشش کر رہا ہوں کہ کم بیک کروں اور مستقبل میں کم بیک کے علاوہ میرا مزید کوئی پلان نہیں ہے۔