شاہد آفریدی اور محمد یوسف جیسے کھلاڑی میڈیا کے سامنے اعتراف کر چکے ہیں کہ ان کے دور میں کپتانوں کے خلاف ٹیم میں بغاوت کی گئی لیکن اب قومی ٹیم کے سابق کپتان جاوید میانداد نے انکشاف کیا ہے کہ ورلڈکپ 1992 کی فاتح ٹیم میں بھی عمران خان کے خلاف کھلاڑیوں نے بغاوت کی تھی۔
جاوید میانداد نے بتایا کہ 1992 ورلڈکپ میں کچھ کھلاڑی عمران خان کی کپتانی کے انداز کو پسند نہیں کر رہے تھے اور ان کی قیادت میں کھیلنا بھی نہیں چاہتے تھے۔
سابق کرکٹر کے مطابق بغاوت نیوزی لینڈ کے خلاف سیمی فائنل سے قبل ہوئی تھی لیکن میرے نزدیک میرا ملک زیادہ اہم تھا اس لیے میں نے کھلاڑیوں کو عمران خان کی کپتانی میں کھیلنے کیلئے قائل کیا۔
جاوید میانداد نے مزید بتایا کہ عمران خان نے 1992 ورلڈکپ کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے لی تھی کیونکہ انہیں علم ہو گیا تھا کھلاڑی ان کے خلاف بغاوت کر رہے ہیں۔