کرکٹ میں رویو سسٹم کی ابتداء ہوئی تو پاکستان کا ریکارڈ اس میں خراب رہا تھا مگر آہستہ آہستہ اس ٹیکنالوجی میں پاکستان کا ٹریک ریکارڈ شاندار ہو گیا۔ ٹیسٹ کرکٹ میں ستمبر 2017 کے بعد سے 1141 رویوز لیے گئے ہیں جس میں سے صرف 325 کامیاب ہوئے یعنی امپائر کو اپنا فیصلہ تبدیل کرنا پڑا۔ پاکستان کی ٹیسٹ ٹیم نے اس عرصے میں 58 رویوز لیے اور قومی ٹیم کی کامیابی کا تناسب سب سے اچھا رہا ہے۔ پاکستان کے 32.8 فیصد رویو کامیاب ہوئے جو تمام ٹیموں سے زیادہ ہیں۔ پاکستان کی ٹیم کے 43.1 فیصد رویو برقرار رہے یعنی امپائرز کا فیصلہ برقرار رکھا گیا لیکن رویو ضائع نہیں ہوا۔ اس فہرست میں دوسرے نمبر پر انگلش ٹیم رہی جس نے 101 رویو لیے اور ان کی کامیابی کا تناسب 24.8 جبکہ رویو برقرار رکھنے کا تناسب 31.7 فیصد رہا۔ ویسٹ انڈیز تیسرے، آسٹریلیا چوتھے اور بھارتی ٹیم رویو کا صحیح استعمال کرنے میں پانچویں نمبر پر رہی۔