بال ٹیمپرنگ اسکینڈل کے باعث پابندی کا شکار سابق آسٹریلوی کپتان اسٹیو اسمتھ کی پابندی کی مدت ختم ہو گئی ہے جس کے بعد وہ دوبارہ آسٹریلین کرکٹ ٹیم کی قیادت کے اہل بھی ہو گئے ہیں۔ کرکٹ آسٹریلیا نے 2018 میں کیپ ٹاؤن میں ہونے والے بال ٹیمپرنگ اسکینڈل کے بعد اسٹیو اسمتھ پر ایک سال کی پابندی عائد کی تھی جبکہ انہیں 2 سال کے لیے قیادت کے منصب کے لیے نااہل قرار دیا گیا تھا۔ موجودہ آسٹریلوی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان ٹم پین، ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی کے کپتان ایرون فنچ کی جگہ اسٹیو اسمتھ کو دوبارہ کپتان بنانے کے مطالبات وقتاً فوقتاً سامنے آتے رہے ہیں تاہم کپتانی کے حوالے سے ابھی تک کرکٹ آسٹریلیا یا اسٹیو اسمتھ کی جانب سے کوئی واضح بیان سامبے نہیں آیا۔ واضح رہے کہ اسٹیو اسمتھ کے ساتھ ڈیوڈ وارنر اور کیمرون بینکرافٹ پر بھی پابندی عائد کی گئی تھی۔ پابندی ختم ہونے کے بعد اسٹیو اسمتھ دوبارہ آسٹریلین کرکٹ ٹیم کی قیادت کرنے کے اہل ہو گئے ہیں مگر ان کے ساتھی ڈیوڈ وارنر پر تاحیات کپتانی نہ کرنے کی پابندی عائد ہے۔