اسپاٹ فکسنگ کیس کی سزا پوری کرنے کے بعد جب فاسٹ بولر محمد عامر کی قومی ٹیم میں واپسی ہوئی تو محمد حفیظ نے بورڈ کے اس فیصلے کی سخت مخالفت کی تھی اور اس وقت جاری پریکٹس کیمپ میں جانے سے بھی احتجاجاً منع کر دیا تھا۔ پی ایس ایل فکسنگ اسکینڈل میں سزا پوری کرنے والے شرجیل خان کی بھی قومی ٹیم میں واپسی کی قیاس آرائیاں ہو رہی ہیں۔ اس حوالے سے محمد حفیظ نے اپنے ٹویٹ میں لکھا تھا کہ ہمیں ملکی وقار پر کسی چیز کو ترجیح نہیں دینی چاہیئے۔ چیف ایگزیکٹو پی سی بی وسیم خان نے حفیظ کو تنبیہہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ اس معاملے پر مت بولیں کیونکہ یہ بورڈ کا کام ہے۔ محمد حفیظ نے اپنے تازہ بیان میں اعتراف کیا ہے کہ پورے کیریئر کے میرے بورڈ سے تعلقات اچھے نہیں رہے جس کی وجہ ان کا "یس مین" نہ ہونا ہے، میں ہمیشہ سے ہی اصول پسند ہوں۔ سینیئر کھلاڑی نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے بعد ریٹائر ہونے کا عندیہ دیا ہے۔