مہندر سنگھ دھونی کے بعد ریشب پانٹ کو وکٹ کیپر کی حیثیت سے بھارتی ٹیم میں منتخب کیا گیا تاہم وہ اتنی اچھی پرفارمنس کا مظاہرہ نہ کر سکے اور اب لوکیش راہول نے یہ ذمہ داری سنبھالنے کے بعد شاندار پرفارمنس کا مظاہرہ کیا ہے۔ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں ایم ایس دھونی کی واپسی کی باتیں ہو رہی ہیں تو بھارتی ٹیم کے سابق آل راؤنڈر عرفان پٹھان نے اس کی دبے لفظوں میں مخالفت کر دی ہے۔ اپنے ایک انٹرویو میں عرفان پٹھان نے کہا کہ ایم ایس دھونی اگر بھارتی ٹیم سے پھر کھیلنا چاہتے ہیں تو اس میں آئی پی ایل بہت اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔ انھوں نے سوال اٹھایا کہ اگر وہ بھارتی ٹیم سے پھر کھیلے تو کیا یہ ان کھلاڑیوں کے ساتھ زیادتی نہیں ہو گی جو پہلے ہی بھارتی ٹیم میں پرفارمنس کا مظاہرہ کر رہے ہیں؟ عرفان پٹھان نے مزید کہا کہ اسپورٹس کے ایونٹس ہوتے رہتے ہیں مگر زندگی اور صحت سے بہتر کوئی چیز نہیں، تمام اسپورٹس ٹورنامنٹس کورونا وائرس کے بعد بھی منعقد کیے جا سکتے ہیں۔