عابد علی نے ڈیبیو پر آسٹریلیا کے خلاف سنچری کے ساتھ اپنے ون ڈے کیریئر کا آغاز کیا تھا اور بعد میں اپنے ٹیسٹ کیریئر کا آغاز بھی سنچری کے ساتھ کیا۔ انھوں نے ون ڈے سنچری کا ایک سال مکمل ہونے پر یادگار اننگز کی یادیں تازہ کیں۔ اس یادگار موقع پر اوپننگ بیٹسمین نے مستقبل میں بھی شاندار پرفارمنس کا عزم ظاہر کیا۔ اپنے ایک انٹرویو میں عابد علی نے کہا کہ اس سفر میں ساتھ دینے والے کوچز، ساتھی کھلاڑیوں اور بھرپور سپورٹ کرنے والے پرستاروں کا شکریہ ادا کرتا ہوں، آئندہ بھی جس فارمیٹ میں موقع ملا اپنا انتخاب درست ثابت کرنے کی کوشش کروں گا۔ عابد علی کو پی ایس ایل مکمل نہ ہونے کا افسوس ضرور ہے مگر ان کا کہنا تھا کہ عوام کی صحت و سلامتی سب سے اہم ہے، پوری امید ہے پاکستانی قوم اس موذی وائرس کیخلاف جنگ میں سرخرو ہو گی، میں بھی حکومتی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے اپنے گھر میں ٹریننگ کر رہا ہوں۔