ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر ڈوین براوو نے اپنے ساتھی کھلاڑی آندرے رسل کو ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کا سب سے بہترین کھلاڑی قرار دے دیا۔ ڈوین براوو کا آنررے رسل کے حوالے سے کہنا ہے کہ وہ ایک بہترین جارح مزاج بیٹسمین ہونے کے ساتھ اچھے بولر اور فیلڈر بھی ہیں۔ ڈوین براوو کا کہنا تھا کہ کرس گیل ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کے سب سے ماہر کھلاڑی تھے، جب ان کا عروج تھا تو ہم خود کو خوش قسمت سمجھتے تھے کہ کرس گیل ویسٹ انڈیز کی نمائندگی کر رہے ہیں اور ہمیں ان کے خلاف بولنگ نہیں کرنی پڑتی مگر اب رسل ہی ہمارے لیے گیل اور برائن لارا ہیں۔ حال ہی میں آندرے رسل نے سری لنکا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی میچ میں شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا تھا۔ انہوں نے 14 گیندوں پر چھ چھکوں کی مدد سے 40 رنز اسکور کیے تھے اور ویسٹ انڈیز کو کامیابی دلائی تھی۔ آندرے رسل ون ڈے کرکٹ میں سب سے زیادہ اسٹرئیک ریٹ سے بیٹنگ کرنے والے کھلاڑی ہیں۔ انہوں نے 56 ایک روزہ میچوں میں 130.22 کے اسٹرئیک ریٹ سے 1034 رنز اسکور کیے ہیں جبکہ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں ان کا اسٹرئیک ریٹ 151.30 کا ہے۔