Recently Finished
Live Cricket
Upcoming Matches
No live scores available
View All Matches

قومی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان بابر اعظم تینوں فارمیٹس میں زبردست کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں اور اسی پرفارمنس کے بل بوتے پر ان کا موازنہ بھارتی کپتان ویرات کوہلی سے بھی کیا جاتا ہے۔ بابراعظم خود بھی کہہ چکے ہیں کہ میرا ویرات کوہلی سے کوئی مقابلہ نہیں۔ آل راؤنڈر محمد حفیظ نے بھی کہہ دیا ہے کہ بابر اعظم کا ویرات کوہلی سے موازنہ کرنا درست نہیں ہے۔
محمد حفیظ کا کہنا تھا کہ ویرات کوہلی ایک بہترین کرکٹر ہیں، انہوں نے دنیا میں ہر جگہ کھیلتے ہوئے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے، بابر اعظم بھی مسلسل اچھا پرفارم کر رہے ہیں لیکن دونوں الگ ہی انداز کے کھلاڑی ہیں اور میں نہیں سمجھتا کہ بابر اعظم کا ویرات کوہلی سے موازنہ کرنا چاہیے۔
بابر اعظم 74 ایک روزہ میچوں میں 54.17 کی اوسط سے 3359 رنز بنا چکے ہیں جس میں ان کی 11 سنچریاں شامل ہیں۔ دوسری جانب اگر ویرات کوہلی کے ون ڈے کیریئر کے ابتدائی 74 میچز کے اعدادوشمار دیکھیں جائیں تو انہوں نے 44.88 کی اوسط سے 2860 رنز بنائے تھے اور 8 سنچریاں اسکور کی تھیں۔
بابر اعظم نے 26 ٹیسٹ میچوں میں 5 سنچریوں اور 13 نصف سنچریوں کیساتھ 45.12 کی اوسط سے 1850 رنز اسکور کیے ہوئے ہیں جبکہ ویرات کوہلی نے اپنے ابتدائی 26 ٹیسٹ میچوں میں 42.80 کی اوسط سے 1755 رنز اسکور کیے تھے جبکہ 6 سنچریاں اور 9 نصف سنچریاں ان کے کریڈٹ پر تھیں۔
مختصر فارمیٹ کے نمبرون بیٹسمین بابر اعظم 38 ٹی ٹوئنٹی میچوں میں 50.72 کی اوسط سے 1471 رنز اسکور کر چکے ہیں اور 13 مرتبہ 50 سے زائد رنز کی اننگز کھیلی ہے۔ دوسری جانب بھارتی کپتان نے اپنے ابتدائی 38 ٹی ٹوئنٹی میچوں میں 1368 رنز بنائے تھے جس میں ان کی 13 نصف سنچریاں شامل تھیں۔