چند روز قبل قومی کرکٹر محمد حفیظ نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر شرجیل خان کی واپسی کے حوالے سے ہونے والی بحث میں سوال اٹھایا تھا کہ کیا ہمیں ٹیلنٹ پر ملکی وقار کو ترجیح نہیں دینی چاہیے؟ جس پر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان نے سخت ردعمل دیتے ہوئے وارننگ دی تھی کہ وہ ان معاملات پر بات مت کیا کریں۔ ذرائع کے مطابق وسیم خان نے محمد حفیظ سے ٹیلیفونک رابطہ کر کے وضاحت طلب کی۔ چیف ایگزیکٹو پی سی بی وسیم خان نے قومی کرکٹر کو بورڈ کی پالیسی سے متعلق آگاہ کیا اور انہیں اپنی ذمہ داری کا احساس دلایا۔ مقامی اخبار کے نمائندے کی جانب سے محمد حفیظ سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ میں نے صرف اپنا مؤقف پیش کیا تھا، اس حوالے سے پی سی بی کی جو بھی پالیسی ہیں میں ان پر اثرانداز ہونے کی کوشش نہیں کر رہا۔