پاکستان کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر محمد حفیظ نے اپنے ایک بیان میں سابق ہیڈکوچ مکی آرتھر پر الزام لگایا تھا کہ وہ ٹیم میں کھلاڑیوں کا انتخاب پسند اور ناپسند کی بنیاد پر کرتے تھے۔ مکی آرتھر نے حفیظ کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ میں نے ہمیشہ انہی کھلاڑیوں کو موقع دیا جو ملک کے لیے میچ جیتنے کی صلاحیت رکھتے تھے۔ سابق ہیڈکوچ کا کہنا تھا میں صرف یہی کہوں گا کہ میں ان کھلاڑیوں کو پسند کرتا تھا جو پاکستان کے لیے میچز جیت سکتے تھے اور پروفیشنل تھے۔ انہوں نے کہا کہ میں ان کھلاڑیوں کو ناپسند کرتا تھا جو پرسکون رہتے تھے اور انہیں لگتا تھا پاکستان کی کرکٹ ان کی مقروض ہے۔ یاد رہے محمد حفیظ نے ایک ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ میرے خیال میں مکی آرتھر پاکستان کرکٹ کی تاریخ کے مضبوط ترین کوچ تھے، ہر چیز ویسے ہی ہوتی تھی جیسے وہ چاہتے تھے اور میں اعتراف کروں گا وہ ٹیم کی کوچنگ کرتے ہوئے دوہرا معیار اپناتے تھے۔