قومی ٹیم کے آل راؤنڈر محمد حفیظ نے شرجیل خان کی قومی ٹیم میں واپسی کی مخالفت کی تھی۔ اس سے قبل بھی وہ کئی مرتبہ کہہ چکے ہیں کہ ملک کا نام بدنام کرنے والے کھلاڑیوں کو دوبارہ موقع نہیں دینا چاہیے۔ اس حوالے سے شاہد آفریدی کا کہنا ہے کہ اگر محمد حفیظ نے یہ بات کی ہے تو وہ ان کی ذاتی رائے ہے۔
سابق کپتان کا کہنا تھا پاکستان کرکٹ بورڈ نے ماضی میں کوئی مثال قائم نہیں کی اور یہی وجہ ہے کہ اس قسم کے معاملات اب تک ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں ہم نے سخت فیصلے نہ لے کر غلطی کی اور اگر اب بھی سخت فیصلے نہیں کیے گئے تو یہ سلسلہ یونہی چلتا رہے گا۔
شاہد آفریدی نے پی سی بی کو تجویز دی کہ فکسنگ کے معاملات پر قابو پانے کیلئے سخت فیصلے لے کر مثال قائم کی جائے۔