قومی ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لینے کے بعد فلاحی کاموں میں مصروف رہتے ہیں مگر اس کے علاوہ وہ پاکستان کرکٹ کی بہتری کیلئے بھی کام کرنا چاہتے ہیں۔ ایک انٹرویو میں گفتگو کرتے ہوئے شاہد آفریدی نے کہا کہ میں نوجوان کھلاڑیوں کیلئے ایک کرکٹ اکیڈمی بنانا چاہتا ہوں، یہ میرا بہت پرانا خواب ہے جو اب تک پورا نہیں ہو سکا۔
سابق کپتان کا کہنا ہے کہ خیبرپختونخواہ کے شہر کوہاٹ میں ممبر قومی اسمبلی شہریار آفریدی اور ڈپٹی کمشنر سے ملاقات ہوئی تھی، میں نے ڈی سی سے کہا تھا کہ کوہاٹ میں اکیڈمی بنانا چاہتا ہوں تاہم گراؤنڈ بنانے کیلئے جگہ کی ضرورت ہے۔
شاہد آفریدی کے مطابق ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ کوہاٹ میں کرکٹ کا ٹیلنٹ بہت زیادہ ہے لیکن سہولیات میسر نہیں جس وجہ سے ٹیلنٹ ضائع ہو جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اکیڈمی بنانے کیلئے سندھ حکومت سے بھی دو-تین مرتبہ مدد مانگی لیکن کوئی مثبت جواب نہیں ملا۔