کورونا وائرس کی وجہ سے موجودہ اور سابق کرکٹرز کافی دنوں سے گھروں تک محدود ہیں اور ایسے میں وقت گزارنے کے لیے نئے نئے راستے ڈھونڈے جا رہے ہیں۔ قومی کرکٹرز کے درمیان جہاں پش اپ چیلنج جاری ہے وہیں رمیز راجہ کو کرکٹ سے متعلق ایک گتھی سلجھانے کے لیے لوگوں کی مدد درکار ہے۔
رمیز راجا نے ایک ٹویٹر پر ایک تصویر پوسٹ کی جس پر لکھا تھا کہ دو بیٹسمین 94 رنز پر بیٹنگ کر رہے ہیں، تین گیندوں پر 7 رنز درکار ہیں تو ایسا کیا کرنا ہو گا کہ دونوں بیٹسمینوں کی سنچری بھی ہو جائے اور دونوں ناٹ آؤٹ بھی رہیں۔
شائقین کرکٹ نے اپنی اپنی سوچ اور سمجھ کے مطابق اپنے جواب دیے مگر ایک شائق کی رائے قابل عمل نظر آئی۔ اس کے مطابق چوتھی گیند پر بیٹسمین چوکا لگائے اور پانچویں گیند پر 3 رنز لیں مگر امپائر ایک رن شارٹ قرار دے تو دوسرا بیٹسمین اسٹرائیک پر ہو گا۔
آخری گیند پر دوسرا بیٹسمین چھکا لگا کر اپنی سنچری مکمل کرے گا اور دونوں بیٹسمین اس طرح ناٹ آؤٹ بھی رہیں گے۔