پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق باؤلنگ کوچ اظہر محمود نے موجودہ ٹیم مینجمنٹ کو مشورہ دیا ہے کہ پلیئرز کو اس وقت بھی سپورٹ کیا جائے جب وہ برے وقت سے گزر رہے ہوتے ہیں۔ اظہر محمود کا کہنا تھا کہ ہر کھلاڑی کے کیریئر میں اچھا اور برا وقت آتا ہے، مشکل وقت میں کھلاڑیوں کو لاوارث نہیں چھوڑنا چاہیے اور یہ نہیں کہنا چاہیے کہ اس کی کرکٹ ختم ہو گئی ہے یا وہ کرکٹ کے علاوہ دیگر چیزوں پر توجہ دے رہا ہے۔ انہوں نے خاص طور پر فہیم اشرف، حسن علی اور شاداب خان کا نام لیتے ہوئے کہا کہ یہ تینوں کھلاڑیوں پاکستان کرکٹ کا مستقبل ہیں اس لیے ان کو بھرپور سپورٹ کیا جائے اور ان کو فوری طور پر دوسرے باؤلرز سے تبدیل نہ کریں۔ یاد رہے اظہر محمود کی کوچنگ کے دور میں فہیم اشرف کو کئی مواقع دیئے گئے لیکن وہ متاثرکن کارکردگی نہیں دکھا سکے۔ حسن علی انجری کا شکار ہو کر ٹیم سے باہر ہو گئے تھے اور ان کی اب تک ٹیم میں واپسی نہیں ہو سکی ہے۔