سابق بھارتی کرکٹر آکاش چوپڑا نے مصباح الحق کے مؤقف کی تائید کی ہے کہ کورونا وائرس کے بعد حالات جب معمول پر آتے ہیں تو آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں تمام ٹیموں کے ساتھ منصفانہ سلوک کیا جائے۔ قومی ٹیم کے چیف سلیکٹر و ہیڈکوچ نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہا تھا ایونٹ کو مختصر کرنے سے بہتر ہے کہ اس میں توسیع کر دی جائے۔ مصباح الحق کا کہنا تھا کہ ٹیسٹ چیمپئن کو آگے بڑھایا جا سکتا ہے تا کہ تمام شیڈول میچز کا انعقاد ہو سکے اور ٹورنامنٹ کو 2021 سے آگے بڑھانا کوئی مسئلہ نہیں ہے۔ آکاش چوپڑا نے ایک ویڈیو میں کہا کہ میں مصباح الحق کے مؤقف کی حمایت کرتا ہوں جبکہ اس ایونٹ میں پہلے ہی بہت خامیاں ہیں۔ انہوں نے خامیوں کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ 2021-2019 کے درمیان بھارت نے آسٹریلیا جا کر ٹیسٹ سیریز کھیلنی ہے لیکن آسٹریلیا نے بھارت آ کر نہیں کھیلنا، اسی طرح انگلینڈ نے بھارت میں ٹیسٹ سیریز کھیلنی ہے لیکن بھارتی ٹیم انگلینڈ نہیں جائے گی جبکہ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں پاکستان اور بھارت کی سیریز ہی نہیں رکھی گئی۔