انڈین پریمیر لیگ کے التواء سے جہاں کھلاڑیوں کو بھاری مالی نقصان کا خدشہ ہے وہیں انگلش ڈومیسٹک سیزن کے نہ ہونے سے بھی غیرملکیوں سمیت پاکستانی کھلاڑیوں کو بھاری مالی نقصان ہو گا۔ تقریباََ 24 پاکستانی کرکٹرز انگلش ڈومیسٹک سیزن کھیل کر روزگار کماتے ہیں جن میں منصور امجد، قیصر عباس، نیئر عباس، شاہد یوسف اور وقاص مقصود شامل ہیں۔ منصور امجد نے اپنے ایک انٹرویو میں کہا کہ مجھ جیسے پلیئرز جن کی پاکستان ٹیم میں واپسی کی امید ختم ہو چکی ہے ان پلیئرز کو انگلش سیزن نہ ہونے کا بہت نقصان ہو گا کیونکہ یہی ہماری روزی روٹی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے ہم انگلینڈ نہیں جا پا رہے، ڈیپارٹمنٹل کرکٹ بند ہونے کی وجہ سے پہلے ہی کئی کھلاڑیوں کی نوکریاں چلی گئی ہیں اور اب کورونا وائرس نے بھی نقصان پہنچایا مگر اس وائرس کا کچھ نہیں کیا جا سکتا، یہ ایک عالمی مسئلہ بن چکا ہے۔